کراچی: قومی ایئر لائن نے سیاحت کے فروغ کے لیے تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور سے شمالی علاقہ جات اسکردو کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے پی آئی اے نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، آج لاہور سے پہلی پرواز ایئر بس 320 کے ساتھ 160 مسافروں کو لے کر اسکردو پہنچی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اسکردو پہنچنے پر پی آئی اے کے طیارے کو واٹر گن سیلوٹ پیش کیا گیا۔
سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے شمالی علاقہ جات کو سیاحت کے لیے پوری دنیا کے ساتھ منسلک کرنا چاہتی ہے، اس لیے لاہور اسکردو کے بعد اب لاہور سے گلگت کی پرواز بھی چلانے کا منصوبہ ہے۔
ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا پی آئی اے سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کے تحت کراچی سے بھی اسکردو کے لیے فلائٹ آپریشن کی تیاری کر رہی ہے۔