لاہور: لاہور کے تھانہ ساندہ کی حدود میں معصوم بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انھیں بلیک میل کرنے والا درندہ اہل علاقہ کے ہتھے چڑھ گیا۔
تفصیلات کے مطابق حمزہ نامی ملزم کو پولیس نے گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، ملزم تھانہ ساندہ کی حدود میں معصوم بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انھیں بلیک میل کرتا تھا۔
بچوں سے جنسی زیادتی کرنے والا ملزم حمزہ راج گڑھ کے مکینوں کے ہتھے چڑھ گیا تھا، اہل علاقہ نے اسے تھانہ ساندہ پولیس کی حوالے کر دیا، ملزم بچوں کو اسلحہ مہیا کر کے ان کی جنسی ہراسگی اور ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز بھی بناتا رہتا تھا۔
ملزم حمزہ کے خلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ راج گڑھ کے شہری کی مدعیت میں تھانہ ساندہ میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق ملزم حمزہ 10 سے زائد معصوم بچوں سے زیادتی کر چکا ہے۔
مدعی مقدمے نے کہا کہ ملزم میرے بھائی اسد کے ساتھ بد فعلی کر چکا ہے اور زبردستی اسے دوبارہ اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھا، انھوں نے کہا موبائل میں ملزم حمزہ کی مختلف بچوں کے ساتھ بد فعلی کی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔
پولیس نے ملزم حمزہ کو بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور ان کی ویڈیوز بنانے کے الزام میں گرفتار کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔