لاہور: قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف جس بیٹ کے ساتھ دو سنچریاں بنائی تھیں وہ بیٹ انہیں محمد حفیظ نے تحفے میں دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق اوپنر فخر زمان نے جنوبی افریقہ کے دوسرے میچ میں 193 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ فیصلہ کن معرے میں 101 رنز بنائے تھے، فخر زمان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا تھا۔
تاہم اب فخر زمان نے دلچسپ انکشاف کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف لگاتار دو سنچریاں جس بیٹ سے بنائیں وہ آل راؤنڈر محمد حفیظ نے دیا تھا۔
فخر زمان کا کہنا تھا کہ سخت محنت کرکے اپنی خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دی تو کارکردگی بہتر ہوئی، محمد حفیظ نے پی ایس ایل کے دوران بہت سپورٹ کیا اور بہترین رہنمائی کی۔
متنازع رن آؤٹ پر فخر زمان کا کہنا تھا کہ میری غلطی تھی، ڈی کاک کو قصوار نہیں ٹھہراتا، مجھے مڑ کر نہیں دیکھنا چاہیے تھا۔
فخر زمان نے کہا کہ جنوبی افریقہ کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا آسان نہیں، ٹیم نے بہت محنت کی جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے، ٹی ٹوینٹی سیریز میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کافی دنوں سے اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے بے چین تھا، ٹی ٹوینٹی کے لیے پرامید ہوں کہ بڑی اننگز کھیلوں۔
فخر زمان نے کہا کہ بابر اعظم میں لیڈر شپ کی صلاحیتیں بہت زیادہ ہیں ان کے ساتھ بیٹنگ کرکے سیکھنے کو ملا۔