اشتہار

سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سوشل میڈیا اسٹارز بھی پھنس گئے

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی عرب میں سوشل میڈیا کی ان معروف شخصیات کے خلاف کارروائی کی گئی جو تجارتی اشیا کی تشہیر کر رہے تھے، جس کی وجہ سے لوگوں کی غیر معمولی تعداد وہاں پہنچ کر کرونا وائرس ایس او پیز کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے اور تجارتی مراکز کے اشتہارات بنانے پر اسنیپ چیٹ کی مزید 13 معروف شخصیات کے خلاف کیسز درج کر لیے گئے۔

اب تک اسنیپ چیٹ کی معروف شخصیات کی تعداد 20 ہو چکی ہے جن پر کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی درج کی گئی ہے۔ سعودی وزارت تجارت نے کرونا وائرس کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

- Advertisement -

اسنیپ چیٹ کی جن مشہورشخصیات پر خلاف ورزی درج کی گئی ہے ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تجارتی مراکز کے لیے اشتہاری مہم کی جس سے ان مارکیٹس میں لوگوں کا غیر معمولی رش ہوگیا جس کی وجہ سے کرونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرنا ممکن نہیں رہا۔

قبل ازیں وزارت تجارت نے اسنیپ چیٹ کی 7 معروف شخصیات جن میں خواتین بھی شامل تھیں، کے خلاف مقدمہ دائر کر کے ان کا کیس وزارت داخلہ کو ارسال کردیا تھا جبکہ مزید خلاف ورزیوں پر 13 شخصیات کے خلاف کیس وزارت داخلہ کو ارسال کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ تجارتی مالز اور مارکیٹوں میں سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کو یقینی بنانے کے لیے وزارت نے واضح طور پر ہدایت کی تھی کہ مارکیٹوں میں سماجی فاصلے کے اصول پر سختی سے عمل کیا جائے جس کی پابندی کرنا مارکیٹ و دکاندار کا فرض ہے، خلاف ورزی پر چالان کیا جائے گا۔

وزارت تجارت کی جانب سے جاری ہدایت کے باوجود سوشل میڈیا کی معرف شخصیات نے مختلف دکانوں، شورومز، ورکشاپس، فرنیچر اور گھڑیوں کی دکان کا اشتہار بناتے ہوئے لوگوں کو وہاں آنے کی دعوت دی جس سے دکانوں اور تجارتی مراکز میں غیر معمولی رش ہونے کا اندیشہ پیدا ہوا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے متعدد کمرشل دکانوں اور مالز کو بند کیا جاچکا ہے جن کی اشتہاری مہم سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات نے کی تھی، افتتاح والے دن لوگوں کی بڑی تعداد میں وہاں پہنچنے سے سماجی فاصلے کے اصول پر عمل ممکن نہ ہونے پر مالز کو بھی سیل کیا گیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں