ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

کیا کرونا وائرس کی نئی قسم پی سی آر ٹیسٹ کو دھوکا دینے کی صلاحیت رکھتی ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: کرونا وائرس کے نئے اسٹرین سے متعلق کئی ممالک سے رپورٹس آئی ہیں کہ یہ پی سی آر ٹیسٹ کو دھوکا دے دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایک رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کرونا کی نئی قسم میں مبتلا 5 میں سے 1 یعنی 20 فی صد مریضوں کی منفی رپورٹ غلط آ رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق وہ مریض جو کرونا پازیٹو ہیں، پی سی آر ٹیسٹ میں نیگیٹو آ رہے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ کرونا وائرس کا نیا اسٹرین آر ٹی- پی سی آر ٹیسٹ کو دھوکا دے رہا ہے۔

بھارت میں ایسے کئی کیسز سامنے آئے ہیں جن میں انفیکشن کی علامات کے باوجود کرونا رپورٹ منفی آئی، جب دوبارہ ٹیسٹ کرایا گیا تو معلوم ہوا کہ مریض کرونا پازیٹو ہے۔

دل چسپ بات یہ ہے کہ جن لوگوں کو اس صورت حال کا سامنا ہو رہا ہے وہ کبھی لیبارٹری یا کبھی سیمپل لینے والے کو اس کا قصور وار ٹھہراتے ہیں، تاہم بیش تر کیسز میں ان کی غلطی نہیں ہوتی، وائرس کی نئی قسم ہی ٹیسٹ کو دھوکا دینے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5 میں سے ایک یعنی 20 فی صد مریضوں کی نیگیٹو رپورٹ غلط آ رہی ہے، جس کی وجہ سے مریض انفیکشن کا شکار ہوتے ہوئے بھی رپورٹ کی بنیاد پر خود کو نیگیٹو سمجھنے لگتے ہیں، اس لیے کرونا وائرس کا یہ بدلاؤ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا انفیکشن اب ناک اور گلے کے علاوہ دوسرے مقامات کو بھی نشانہ بنانے لگا ہے، اس لیے ناک اور گلے کے سیمپل پر کیے گئے ٹیسٹ میں کرونا گرفت میں نہیں آتا، اس حوالے سے امریکی یونی ورسٹیز کے سائنس دان بھی فکر کا اظہار کر چکے ہیں، اور لوگوں کو خبردار کیا گیا تھا کہ رپورٹ غلط بھی آ سکتی ہے۔

فرانس اور فن لینڈ میں بھی ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں، ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ فرانس کے برٹنی علاقے میں مارچ کے مہینے میں کرونا کا نیا ویرینٹ ملا جو پی سی آر ٹیسٹ میں گرفت میں نہیں آیا۔ دوسری طرف محکمہ صحت کے امریکی ادارہ ایف ڈی اے نے مشورہ دیا ہے کہ اگر آپ کی ٹیسٹ رپورٹ منفی بھی آتی ہے تب بھی آپ کو اپنا پورا دھیان رکھنا چاہیے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں