ہفتہ, جنوری 18, 2025
اشتہار

کراچی: افغانستان سے تربیت یافتہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد گرفتار کرلیا گیا، دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہے اور باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز پر حملے میں ملوث ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد عثمان غنی عرف عرفان گرفتار کرلیا گیا، ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کا تعلق باجوڑی گروپ سے ہے۔

ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہے، دہشت گرد سنہ 2019 میں افغانستان گیا تھا۔ دہشت گرد نے طالبان کمانڈر قاری عبید اللہ عرف قاری ثاقب سے ملاقات کی تھی۔

- Advertisement -

ملزم نے جدید اقسام کےاسلحے اور بارود چلانے کی تربیت افغانستان سے حاصل کی۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد نے چارمنگ باجوڑ کے مقام پر سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا، حملے میں ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق دہشت گرد کا ہجرت اللہ عرف مجلس عرف جٹ کو کراچی میں بھاری رقوم دینے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ عثمان غنی اپنے ساتھیوں کے ساتھ فیس بک کے ذریعے رابطے میں رہتا تھا، دہشت گرد باجوڑ سے افغانستان کےخفیہ راستوں کی معلومات رکھتا ہے۔

ایس ایس پی ملیر کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزم سے غیر قانونی اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں، دہشت گرد سے پوچھ گچھ بھی جاری ہے جس میں مزید انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں