اشتہار

لاہور ہائیکورٹ نے سستی چینی کے نام پر لگنے والی لائنوں کا نوٹس لے لیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائیکورٹ نے سستی چینی کے نام پر لگنے والی لائنوں کا نوٹس لے لیا، عدالت کا کہنا تھا کہ 15 روپے سستی چینی کے نام پر عوام کو بھکاری بنا دیا ہے، تھوڑی عزت نفس رہنے دیں، عوام کو بھکاری نہ بنائیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے سستی چینی کے نام پر لگنے والی لائنوں کا نوٹس لے لیا، لاہور ہائیکورٹ نے مقامی پرچون کی دکانوں پر چینی کی عدم فراہمی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

عدالت نے رمضان بازاروں اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر فوری طور پر لائنیں ختم کرنے اور کل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

- Advertisement -

عدالت کا کہنا تھا کہ 15 روپے سستی چینی کے نام پر عوام کو بھکاری بنا دیا ہے، لوگ 1 کلو چینی کے لیے 5، 5 گھنٹے لمبی لمبی لائنوں میں لگے ہوئے ہیں، تھوڑی عزت نفس رہنے دیں، عوام کو بھکاری نہ بنائیں۔

عدالت نے کہا کہ آپ کو یہ ہی نہیں پتہ کہ قیمتیں کنٹرول کرنے اور چینی فراہمی کا اختیار کس کا ہے، چینی فراہمی اور قیمتوں پر عملدر آمد کروانے کا اختیار پنجاب حکومت کا ہے۔ آپ گیند ایک دوسرے کی کورٹ میں پھینک کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ اس کیس میں مسئلہ ریگولیشن کا ہے، پرچون کی سطح پر چینی 50 روپے کلو نہیں مل رہی۔ حکومت پرچون کی سطح پر چینی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ عوام کو لائنوں میں لگا کر تذلیل کرنا آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

عدالت نے مزید کہا کہ سستی چینی کے لیے لائنوں میں لگنا ہے تو مفت دینے والوں کے یہاں کیوں نہ لائن لگالیں۔

سرکاری وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ پرچون کی سطح پر چینی فراہم کی جارہی ہے، رمضان بازاروں میں لوگوں کی لائنیں نہیں لگ رہی، لوگوں کو کرسیوں پر بٹھا کر چینی فراہم کی جارہی ہے۔

عدالت نے کہا کہ کیوں نا اس معاملے پر لوکل کمیشن مقرر کردیا جائے، لوکل کمیشن کی رپورٹ پر توہین عدالت کی کاروائی ہوگی۔ عدالت نے عوام کو چینی کی فراہمی یقینی بنا کر کل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

Comments

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں