فلوریڈا : گھر کے صحن میں عجیب الخلقت جانور کو دیکھ کر خاتون خوفزدہ ہوگئی، خاتون کا کہنا ہے کہ مجھے ایسا لگا کہ یہ ڈائنا سار کا بچہ ہے۔
فلوریڈا : امریکا کی ریاست فلوریڈا میں گھر کے پچھلے صحن میں ایک عجیب الخلقت جانور پایا گیا جس کو دیکھ کر گھر کے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
فلوریڈا کی رہائشی خاتون نے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں اپنے گھر کے پچھلے صحن میں دیکھا تو انہیں محسوس ہوا کہ یہ کوئی عجیب سی چیز ہے تاہم تھوڑا غور سے دیکھا تو ان کی آنکھیں حیرت اور خوف سے سرخ ہوگئیں کہ وہ دیکھنے میں ڈائناسار کا بچہ لگ رہا تھا۔
کرسٹینا ریان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں بتایا کہ ان کے گھر کے سیکیورٹی کیمرے سے صبح سویرے ایک عجیب و غریب فوٹیج دیکھنے کو ملی جس میں ایک چھوٹی سی مخلوق دکھائی دیتی ہے جو گھر کے پچھلے حصے کے باغ سے گزر رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ویڈیو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی حیرت زدہ رہ گئے کیوں کہ یہ مخلوق کسی جانور کی طرح نہیں دکھائی دیتی بلکہ اس کے چلنے کا الگ ہی انداز تھا۔
ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اس پر اسرار مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی، بہت سے لوگوں نے کہا کہ یہ مور کی طرح لگتا ہے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ یہ کسی جانور کی طرح دکھائی دیتا ہے جس کے سر پر بالٹی لگی ہوئی ہے۔
خود کرسٹینا ریان نے کہا کہ اسے یقین ہے کہ یہ جانور بے بی ڈائناسور کی طرح دکھائی دیتا ہے کیونکہ ایسا لگتا ہے کہ یہ دو پچھلی ٹانگوں پر دوڑ رہا ہے اور اس کی دم بھی لمبی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ صرف ریان ہی نہیں بلکہ بہت سے صارفین بھی اس مخلوق کو ایک چھوٹا ڈائناسور کہہ رہے ہیں تو کوئی اسے مور سے تشبیہ دے رہا ہے۔ اب اس کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ اپنی رائے سے ضرور آگاہ کریں ۔