کراچی: شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے صبر اور برداشت میں واضح فرق بتا کر مداحوں کے دل جیت لیے۔
پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار فیروز خان نے حالیہ انٹرویو کے دوران صبر اور برداشت کرنے میں واضح فرق بتایا جسے ان کے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔
اداکار کے ایک انٹرویو سے لیا گیا مختصر کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔
فیروز خان نے اپنے انٹرویو کے دوران میزبان کو جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ’صبر اور برداشت دو الگ الگ اور واضح چیزیں ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’صبر کرنا اچھی بات ہے مگر برداشت کرنا بری بات ہے، اگر کوئی آپ کو تھوڑا سا بھی غرور یا تکبر دکھائے تو آپ کو بھی لازمی پلٹ کر غرور اور تکبر دکھانا چاہیے اور بتانا چاہیے کہ صحیح غرور اور تکبر دکھاتے کیسے ہیں۔‘
فیروز خان کی اس وائرل ویڈیو پر ان کے مداحوں کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ جاری ہے جس میں زیادہ تر صارفین ان کی حمایت کررہے ہیں جب کچھ کا کہنا ہے کہ برداشت کرنا بھی اچھی بات ہے۔