اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی شکایت پر کارروائی کی ہدایت کردی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی کمیونٹی کی شکایت پر پرائم منسٹر انسپکشن کمیشن کو تحقیقات کا حکم دے دیا، سفیر و دیگر سفارتی عملہ کی بدسلوکی کی 15 روز میں تحقیقات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس نے تحقیقات کے لیے گائیڈ لائنز اور ٹی او آرز بھی وضع کردیے۔
سعودی عرب میں پاکستان کے سبکدوش سفیر راجہ علی اعجاز کو معطل کردیا گیا ہے، پاکستانی سفارت خانہ ریاض اور قونصل خانوں کے اہلکاروں کو وطن واپس بلالیا گیا۔
وزیراعظم نے نئے سفارتی عملے کو سفارتخانے ودیگر قونصلیٹ کو فوری بھجوانے کی بھی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ سبکدوش سفیر راجہ علی اعجاز 18 مئی کو مدت پوری کرکے ریٹائرڈ ہورہے ہیں۔
علاوہ ازیں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے سعودی دفتر خارجہ کے پروٹوکول چیف سے ملاقات کی اور اپنی اسناد سفارت جمع کروائیں۔