عمّان : اردن کے شہزادہ محمد بن طلال 81 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
اردن کے شاہی ایوان کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہزادہ محمد بن طلال طویل عرصے سے علیل تھے۔
شاہی ایوان سے جاری کردہ اعلامیے میں شہزادے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وفات پانے والے محمد بن طلال شاہ اردن کے نجی نمائندے تھے۔
- Advertisement -
اردن کے خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن طلال نے 2 اکتوبر 1940 کو اردن کے دوسرے بادشاہ شاہ طلال بن عبداللہ اور ملکہ زین الشرف کے گھر جنم لیا تھا۔
شہزادہ محمد شاہ طلال کے دوسرے فرزند تھے جو 1973 میں شاہ اردن کے نجی نمائندہ مقرر ہوئے اور اپنی وفات تک اسی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔
حکومتِ اردن نے شہزادہ محمد شاہ طلال کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔