ہیلی فیکس : کنیڈا کے صوبے نووا اسکوٹیا میں پولیس کو اس وقت سبکی کا سامنا کرنا پڑا جب وہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی شکایت پر چھاپہ مارنے ایک ریستوران میں پہنچی۔
ہیلی فیکس شہر میں قائم ایک چائے کے ہوٹل کے مالک مائیک کوریمر نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس اہلکار گزشتہ روز اس کے ہوٹل کے باہر کھڑے ہوئے اور شیشے کی کھڑکی سے ریستوران کے اندر جھانک کر میز کے پاس پیٹھے ہوئے انسانی پتلے کو غور سے دیکھنے لگے۔
ریستوران مالک کے مطابق میں باہر گیا ان سے ایسا کرنے کی وجہ معلوم کی، پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ ان کو اطلاع ملی ہے کہ کورونا پابندیوں کے باوجود ہوٹل کو بظاہر باہر سے بند کرکے اندر لوگوں کو کھانے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
اس حوالے سے ہیلی فیکس ریجنل پولیس کے ترجمان جان میک لوڈ نے بھی تصدیق کی کہ افسران کو جمعرات کی صبح ایک شکایت موصول ہوئی تھی اور بتایا گیا کہ ایک ریستوران میں صحت عامہ کی ہدایات پر عمل نہیں کیا جارہا۔
میک لوڈ نے مزید کہا پولیس افسران نے اس مقام کا دورہ کیا اور انہیں معلوم ہوا کہ شکایت ٹھیک نہیں تھی ریستوران میں کورونا ایس او پیز سے متعلق حکومتی پابندیوں کی کسی قسم کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی تھی۔
ریستوران کے مالک کوریمر نے انسٹاگرام پیج پر ایک تصویر شائع کی ہے جس کے پس منظر میں ریستوران کے باہر پولیس کی کاروں کو کھڑا دکھایا گیا ہے جبکہ اس کے اندر کرسی پر ایک انسانی مجسمہ رکھا ہوا نظر آرہا ہے۔
انہوں نے تصویر کے کپشن میں لکھا کہ براہ کرم ہمارے خلاف پولیس کو کال نہ کریں، ہم صرف ٹیک آؤٹ اور ترسیل کے لیے کھلے ہیں کسی بھی کسٹمر کو کھانا نہیں کھلاتے۔