منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کا ہم وطنوں کیلیے اہم پیغام

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی عرب میں تعینات ہونے والے نئے پاکستانی سفیر  نے مملکت میں موجود پاکستانیوں کے لیے اہم پیغام جاری کردیا۔

سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر کا پیغام جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے اپنی تعیناتی پر اللہ کا شکر ادا کیا اور پاکستانیوں بالخصوص مزدوروں کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

’میرا بطور سفیر سب سے اہم اور بنیادی مقصد پاکستانیوں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنا ہے، بالخصوص لیبر طبقہ جسے سفارت خانے تک رسائی میں مشکلات پیدا ہوتی تھیں یا  کسی بھی وجہ سے وہ اپنے مسائل سفارت خانے تک پہنچا نہیں پاتے تھے‘۔

- Advertisement -

پاکستانی سفیر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’میں سعودی عرب میں مقیم تمام پاکستانیوں کے مسائل کو جاننا اور اُن کو ہر صورت حل کرنے کا یقین دلاتا ہوں کیونکہ اُن کے مسائل حل کرنا ہی سب سے اہم ذمہ داری ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستانی سفارت خانے میں بہت جلد جدید نظام نافذ ہوجائے گا، جس کے بعد پاکستانی کمیونٹی کے ممبران اپنے شکایات مؤثر انداز سے ہم تک پہنچا سکیں گے‘۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب ، سعودی جیلوں میں قید سیکڑوں پاکستانیوں کی رہائی کا اعلان متوقع

نئے نظام کی وضاحت کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’اس نظام کو ڈیجیٹل اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ پاکستانی بھائیوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے‘۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ ’اس نظام کے تحت سعودی عرب میں مقم پاکستانیوں کو واٹس ایپ نمبر، ای میل اور ہیلپ لائن سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ کھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا جائے گا‘۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر)بلال اکبر نے کہا کہ سفارتخانےمیں ہیلپ لائن قائم کر رہے ہیں جو 24 گھنٹے کام کرے گی، ہیلپ لائن پر کمیونٹی اپنے مسائل بیان کر سکتی ہے۔

پاکستانی سفیر نے بتایا کہ کمیونٹی اشتراک پروگرام شروع کیا جائے گا تاکہ ان کے مسائل سن کر مدد کی جاسکے۔

بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ ’سفارت خانے میں تعینات عملے کو تمام پاکستانیوں کے ساتھ شائستہ روی کے ساتھ پیش آنے کی خصوصی ہدایات بھی جاری کردی گئیں ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی شکایت پر کارروائی کی ہدایت

اسے بھی پڑھیں: وزارتِ خارجہ کا سعودی عرب میں‌ تعینات پاکستانی سفارت کاروں کے خلاف ایکشن

انہوں نے کہا کہ شکایات اور مسائل کے حل کے لیے پاکستانیوں سے بھی گزارش ہے کہ وہ سعودی قوانین کو سمجھیں اور اُن پر مکمل عمل درآمد کریں کیونکہ وہ سعودی عرب میں پاکستان کے نمائندے کی حیثیت رکھتے ہیں، جس سے ملک کی عزت اور وقار براہ راست جڑا ہوا ہے‘۔

اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ ’ہم سعودی عرب میں رہتے ہوئے آپ کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، آپ کو مقامی قوانین کی کسی صورت خلاف ورزی نہیں کرنی اور اپنے ارد گرد رہنے والے ہم وطنوں کا بہت خیال رکھنا ہے‘۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں