اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، رمضان میں قبلہ اول پراسرائیلی حملہ انسانیت اور عالمی قوانین کی توہین ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ اسرائیل کی جانب سے قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کیا گیا، فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
Strongly condemn Israeli Forces' attack esp during Ramazan on Palestinians in Qibla-e-Awaal, Al-Aqsa Mosque, violating all norms of humanity & int law. We reiterate support for Palestinian ppl. Int community must take immed action to protect Palestinians & their legitimate rights
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 9, 2021
وزیراعظم کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ایک بار پھر فلسطینی عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کے جائز حقوق اور تحفظ کے لیے عالمی برادری فوری اقدامات کرے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز دفتر خارجہ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ قابض اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں معصوم نمازیوں پر حملہ کیا، پاکستان اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، رمضان المبارک کے دوران ایسا حملہ انسانی اقدار اور حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پر تشدد واقعے میں زخمی فلسطینیوں کی جلد صحتیابی کےلیےدعا گو ہیں، آزاد فلسطینی ریاست کے حصول کے لیے پاکستان فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق 2 ریاستوں کے حل کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملہ: پاکستان کی شدید الفاظ میں مذمت
یاد رہے کہ ماہ رمضان کے آخری جمعے جمعتہ الوداع کے موقع پر نماز کی ادائیگی کے لیے ہزاروں فلسطینی مسجد اقصیٰ پر جمع ہوئے اور مسجد کے احاطے میں نماز ادا کی، اس دوران اسرائیلی فوج نے روایتی جارحیت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کو مسجد کے اندر داخل ہونے سے روکنے کے لیے نمازیوں پر ربڑ کی گولیاں برسائیں، آنسو گیس کی شیلنگ کی اور کریکر پھینکے جس سے 200 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔