راولپنڈی میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوسرے روز ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی میں لاک ڈاؤن کے دوسرے روز پولیس اور انتظامیہ کی عدم دلچسپی دیکھنے میں آئی، لاک ڈاؤن اور کورونا ایس او پیز کو ہوا میں اڑا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تاجر دکانوں کے آدھے شٹر کھول کر کاروبار کرنے میں مصروف ہیں اور پولیس کی جانب سے غریب ریڑھی بانوں کو تنگ کیا جارہا ہے۔
راولپنڈی پولیس کی مبینہ غفلت و لاپرواہی سے بڑے بڑے شاپنگ مال پر عید شاپنگ جاری ہے، تاجروں نے دکانوں کے باہر ڈیرے ڈال لیے، پولیس اور انتظامیہ لاک ڈاؤن کرانے میں ناکام نظر آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ این سی او سی کے فیصلے کے تحت ملک بھر میں 8 سے 16 مئی تک لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کورونا پرقابو پانے کیلئے حکومتی ہدایات پر عمل شہریوں کے مفاد میں ہے، لاک ڈاؤن کا فیصلہ مشاورت سے کیا گیا اور انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے لاک ڈاؤن کررہے ہیں۔
عثمان بزدار نےشہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہر ضروری اقدام کریں گے، عوام ماسک پہنیں، گھروں میں رہیں اورسماجی فاصلہ اختیار کریں۔