آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغان امن عمل کو مکمل سنجیدگی سے سپورٹ کر رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور مختلف شعبوں میں تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں کورونا کے سدباب کی کوششوں سمیت افغان امن عمل میں پیشرفت پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل کومکمل سنجیدگی سےسپورٹ کر رہا ہے، مستحکم، پرامن ترقی کرتاافغانستان خطے،پاکستان کےبہترین مفادمیں ہے توقع ہےپاکستان امریکا کے درمیان ہرشعبےمیں وسیع باہمی تعاون فروغ پائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی ناظم الامور نے خطےمیں امن و استحکام کیلئےپاکستان کےکردار کو سراہا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینےکی خواہش کا اظہار کیا۔