بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

اسرائیلی بربریت پر مسلم امریکی خاتون رکن کانگریس آبدیدہ ہوگئیں

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت پر امریکی خاتون رکن کانگریس رشیدہ طلیب آبدیدہ ہوگئیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم امریکی خاتون رکن کانگریس رشیدہ طلیب نے کانگریس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دوستوں کو یاد دلادوں کہ فلسطینی بھی وجود رکھتے ہیں، وہ بھی انسان ہیں، انہیں بھی خواب دیکھنے کی اجازت ہے۔

رشیدہ طلیب نے غزہ کی ایک ماں کی تحریر پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ ’غزہ کی ماں کہتی ہے وہ بچوں کو اپنے پاس اس لیے سلاتی ہیں تاکہ مریں بھی تو ساتھ مریں، وہ نہیں چاہتیں کہ کوئی زندہ رہے اور دوسرے کی موت کا غم سہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کی ایک ماں کا یہ بیان مجھے اور بھی توڑ دیتا ہے جب میں اپنے ملک کی پالیسیاں دیکھتی ہوں، اسرائیل کو فنڈنگ اس ماں کے اپنے بچوں کو زندہ دیکھنے کے حق سے انکاری ہے۔

رشیدہ طلیب کا کہنا تھا کہ ہمیں اسرائیل کے لیے امداد عالمی انسانی حقوق کی پاسداری سے مشروط کرنا ہوگی، اسرائیل کی غیرمشروط حمایت سے فلسطینیوں کی زندگیاں مٹ رہی ہیں، ہماری غیرمشروط حمایت لاکھوں پناہ گزینوں کے حقوق سے انکاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بھی مائیں ہیں، بیٹیاں ہیں، پوتیاں ہیں، ہم انصاف کے طالب ہیں، ہر قسم کے ظلم کے خلاف لڑتے ہوئے معذرت خواہ نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ اسرائیل کی نسلی حکومت کو خواہ جتنے پیسے بھیجیں، فلسطینی کہیں نہیں جا رہے۔

واضح رہے کہ غزہ کی محصور پٹی میں اسرائیل کے جنگی جرائم مسلسل چھٹے روز سے جاری ہیں اور رہائشی ‏عمارتوں، میڈیا ہاؤسز اور کثیرالمنزلہ اپارٹمنٹس پر فضائی بمباری کر کے انہیں زمین بوس کر دیا گیا۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے، غزہ کی پٹی پر جاری فضائی حملوں میں ‏گذشتہ 6 روز میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 140 ہوگئی ہے ، جن میں 39 بچے شامل ‏ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں