کراچی: سندھ حکومت نے کورونا ویکسینیشن کی یومیہ تعداد بڑھانے کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرلی جس کے تحت ‘ڈرائیو تھرو’ کوروناویکسینیشن شروع کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی ڈرائیو تھرو حکمت عملی کے تحت موبائل وین کے ذریعے مختلف عوامی مقامات پر کوروناویکسین لگائی جائے گی، صنعتی ورکرز کو کوروناویکسین لگانے کے لیے الگ انتظامات کی تیاری ہورہی ہے۔
مختلف صنعتی علاقوں میں خصوصی ویکسین سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
صنعتی ایسوسی ایشنز کے دفاتر میں بھی ویکسین سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ ویکسین وین سی ویو، شاپنگ پلازہ اور جامعات میں ویکسینیشن کرے گی۔ ڈوز کی مطلوبہ تعداد کا اسٹاک ملتے ہی ماس ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
پاکستان نے روسی ساختہ کرونا ویکسین کی بڑی ڈیل فائنل کرلی
ادھر پاک فوج نے روسی ساختہ کرونا ویکسین اسپٹنک وی کی 20 لاکھ ڈوزز کا آرڈر دے دیا، 2 لاکھ ڈوزز پر مشتمل پہلی کھیپ جلد پاکستان پہنچے گی۔ پاکستان نے روسی ساختہ کرونا ویکسین اسپٹنک وی کی بڑی ڈیل فائنل کرلی، پاک فوج نے 20 لاکھ ڈوزز کا آرڈر دے دیا۔
روسی ویکسین کی پہلی کھیپ جس میں 2 لاکھ ڈوزز ہوں گی، جلد پاکستان پہنچیں گی۔ 2 لاکھ ڈوزز کی پہلی کھیپ ابو ظہبی ایئرپورٹ پر موجود ہے۔ پاک فضائیہ کا طیارہ پہلی کھیپ ابوظہبی ایئرپورٹ سے لے کر پاکستان پہنچے گا۔