اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی اجلاس میں نوجوانوں کو خوش خبری دی گئی ہے، فیصلہ ہوا ہے کہ جون سے ہی نوجوانوں کی پہلی کھیپ کام کا آغاز کر دے گی۔
شہباز گل نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ینگ لیڈر شپ پروگرام میں نوکری کے لیے اب تک 25 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، آج یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں سال جون سے ہی نوجوانوں کی پہلی کھیپ باقاعدہ کام کا آغاز کر دے گی۔
خیال رہے کہ آج اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا جائزہ لیا گیا، جس میں وزیرِ اعظم نے منصوبوں کی مقررہ وقت میں تکمیل پر زور دیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت راوی اربن ڈیلپمنٹ اتھارٹی کے اجلاس میں نوجوانوں کے لئیے خوشی کی خبر۔ینگ لیڈر شپ پروگرام میں نوکری کے لئے اب تک 25ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں. آج یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں سال جون سے ہی نوجوانوں کی پہلی گھیپ باقائدہ کام کا آغاز کر دے گی🎉
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) May 20, 2021
وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا راوی سٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور لاہور پر آبادی کا دباؤ کم ہوگا، شہریوں کو تمام سہولتوں سے آراستہ عالمی معیار کی رہائش میسر آئے گی۔
اجلاس کو راوی سٹی کے تحت منصوبے پر پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، بریفنگ میں کہا گیا کہ 2 ہزار ایکڑ پر محیط منصوبے سے حکومت کو آمدن کا تخمیہ 25 ارب لگایا گیا ہے، جب کہ یہ منصوبہ مجموعی طور پر 150 ارب روپے کی معاشی سرگرمیوں کو جنم دے گا۔
بریفنگ کے مطابق راوی سٹی کے 2 ذیلی منصوبوں سے محصولات و آمدن کا تخمینہ 130 ارب روپے ہے، یہ منصوبہ مجموعی طور پر 750 سے 900 ارب کی معاشی سرگرمیوں کی وجہ بنے گا، راوی سٹی کے 15000 ایکڑ پر شروع کام سے دسمبر تک 1000 ارب کی معاشی سرگرمیاں متوقع ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کی تمام بڑی جامعات سے راوی سٹی میں کیمپس کھولنے کے سلسلے میں رابطے کیے گئے، سوئس کمپنی لیونگ، اسٹون گرین، ٹیک سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں، یہ کمپنیاں زون 3 میں جدید زرعی ٹیکنالوجی سے عالمی معیار کے فارم بنانے میں معاونت کریں گی۔