راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر یوکرائن پہنچ گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف یوکرائن پہنچ گئے، جہاں انھوں نے کیبنٹ آف منسٹرز میں یوکرائن کے وزیر اعظم، ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر برائے صنعت سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں میں افغان امن عمل اور باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک کے مابین پیشہ ورانہ دفاعی تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی، دونوں جانب سے فوجی رابطوں کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیاگیا۔
آرمی چیف کے یوکرائن حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں انسداد دہشت گردی، تربیت اور دفاعی پیداوار کے معاملات بھی زیر غور آئے، یوکرینی وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا پاکستان یوکرائن کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، توقع ہے دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں بامعنی اور بہتر تعلقات فروغ پائیں گے۔
General Qamar Javed Bajwa #COAS visited a Military Test Site in Kharkiv region of Ukraine & witnessed field tests of various weapons & equipment. COAS took keen interest in the tests & appreciated performance of all ranks associated with the projects.(1/2) pic.twitter.com/ZrgNGC0gLJ
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) May 20, 2021
ادھر ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ آرمی چیف نے یوکرائن میں ملٹری ٹیسٹ سائٹ کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے مختلف ہتھیاروں اور آلات کے فیلڈ ٹیسٹ دیکھے، اور ان تجربات میں دل چسپی کا اظہار کیا، منصوبوں سے منسلک افراد کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اس سے قبل یوکرینی وزیر دفاع، اور مسلح افواج کے سربراہ سے بھی ملاقات کی، دونوں ممالک نے ملٹری ٹو ملٹری تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا اور عزم کیا گیا کہ دفاعی پیداوار، تربیت، انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی اور جوائنٹ وینچر کی بنیاد پر دفاعی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، پاکستان اور یوکرائن دفاعی شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
قبل ازیں، آرمی چیف کو وزارت دفاع پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔