کراچی : اداکارہ منشا پاشا نے فلسطین کے حق میں ہونے والے مظاہروں پر تنقید کرنے والے صارفین کو کھری کھری سنا دی۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ منشا پاشا بھی مظلوم فلسطینیوں کی آواز بن گئیں، اداکارہ نے فلسطین پر جاری صیہونی جارحیت کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی اہمیت اجاگر کردی۔
منشا پاشا نے کہا کہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے شریک ہورہے ہیں، لیکن کچھ صارفین کی جانب سے مظاہروں پر تنقید افسوس ناک ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘مظاہروں کی تصاویر پر لوگوں کے تبصرے دیکھ کر بہت دکھ ہوا، صارفین کہہ رہے ہیں کہ یہ سب کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے’۔
منشا پاشا نے کہا کہ ‘ فلسطینی عوام خود کہہ رہی ہے کہ ہمارے اوپر ڈھائے جانے والے مظالم دنیا کو بتائیں، جس پر پاکستانی عوام بتارہی ہے کہ وہ مشکل گھڑی میں فلسطینی عوام کے ساتھ ہے، ایسے میں کچھ لوگ اظہار یکجہتی کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کررہے ہیں’۔
Mansha Pasha reiterates the importance of protesting 👏🏽 #ManshaPasha pic.twitter.com/i4MFTwc2cY
— Galaxy Lollywood (@galaxylollywood) May 19, 2021
خیال رہے کہ 10 مئی سے فلسطین پر اسرائیلی بمباری جاری ہے جس کے باعث اب تک ڈھائی سو قریب فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 63 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔