بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

شاہ محمود کی کویتی ہم منصب سے ملاقات، فلسطین کی بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی و غیرقانونی اسرائیلی آبادکاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فلسطینیوں پر صیہونی جارحیت کا خاتمہ کرائے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کویتی ہم منصب ڈاکٹر احمد نصرال محمد الصباح سے ملاقات کے دوران کیا، اس دوران دونوں وزرائے خارجہ کے مابین فلسطین کی بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے فلسطین میں کشیدگی میں کمی کےلیے کویت کی مؤثر کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں پر مظالم سے مسلم امہ حالت اضطراب میں ہے، پاکستان عبادت میں مشغول فلسطینیوں پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس عالمی برادری کےلیے واضح پیغام ہے کہ فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ کرانا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔

وزیر خارجہ نے مسلمانوں کے قبلہ اؤل مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور اسرائیل کی غیرقانونی آباد کاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مظلوم فلسطینیوں کی جبراً بے دخلی کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مظلوم فلسطینیوں کی اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا، عالمی برادری بھی مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کےلیے اقدام اٹھائے۔

آخر میں دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کی صورتحال کو اعتدال پر لانے اور فلسطینی بھائیوں کی معاونت کےلیے باہمی اور سفارتی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں