بدین : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پی ایس 70 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی امیدوار کی کامیابی کو عوام کی فتح قرار دے دیا۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ اسمبلی کے حلقہ 70 بدین کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر دئیے گئے پیغام میں کیا، انہوں نے کہا کہ پی پی امیدوار کی کامیابی ضلع بدین کی عوام کی فتح ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ ماتلی کی عوام نے دھاندلی کو ناکام بناکر نااہل حکمرانوں کو مسترد کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی امیدوار ضمنی انتخابات میں اپنی ضمانتیں ضبط کراچکے ہیں کیوں کہ پاکستان تحریک انصاف ایم ایف کو ضمنی انتخابات میں مسلسل شکست ہورہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن کی موجودہ صورتحال موجودہ حکمرانوں کےلیے آئینہ ہے، وزیراعظم نوشتہ دیوار پڑھیں اور گھر جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی پی عوام کے حقوق کی لڑائی لڑرہی ہے اور عوامی مسائل کے حل کےلیے دن رات کام کررہی ہے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی پی امیدوار حاجی محمد ہالیپوٹو 46354 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جب کہ جے یو آئی کےگل حسن 6342 ووٹ لے کر دوسرےنمبر پر رہے۔