مصر کے شہر منصورہ میں پولیس ہیڈ کوارٹر کو دھماکے سے اڑا دیا گیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق چودہ افراد ہلاک اور ایک سو بیس سے زائد افراد زخمی ہوگئے، مصری وزیراعظم نے اخوان المسلمون کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکے سے پولیس ہیڈ کوارٹر کی پانچ منزلہ عمارت کے کئی حصے زمیں بوس ہوگئے اور ملبے تلے کئی افراد دب گئے ہیں، جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، مقامی انتظامیہ نے مارے جانے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کا کام شروع کردیا ہے۔
مصر کے عبوری وزیرِ اعظم حاظم الببلاوی نے اخوان المسلموں کو دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث قرار دے کر پابندی عائد کردی ہے، تنظیم کے ملک میں موجود تمام اثاثہ جات بھی ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے۔