لاہور: جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے الگ شناخت برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ عدالت میں پیشی کے موقع پر تمام اراکین نے جہانگیر ترین کے ساتھ جانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے ارکان سے کہا کہ میں اکیلا عدالت پیشی پر جاؤں گا آپ حضرات ساتھ نہ آئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فی الحال خاموشی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ارکان کو حکومت کیخلاف ہر قسم کی بیان بازی سے روک دیا گیا۔
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین کے بقول وہ آج بھی پارٹی کا حصہ ہیں، میرے بقول بھی جہانگیر ترین آج بھی پارٹی کا حصہ ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں سیاست میں اقتدار کے لیے نہیں تبدیلی کے لیے آئے ہیں، ان کی سوچ اقتدار کی سوچ نہیں ہے، ہم نے بڑے مزے سے اپوزیشن میں وقت گزارا دوبارہ گزار لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان انتقامی کارروائی کسی کے خلاف نہیں کریں گے، احتساب اور انصاف پی ٹی آئی کے ستونوں میں سے ایک ہے۔