پشاور : خیبرپختونخوا میں سستی بجلی کی پیداوار کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے اہم اور انقلابی قدم اٹھا لیا گیا، ایشین ترقیاتی بینک سے بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق 300 میگاواٹ کے منصوبے بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان منصوبے کے حوالے سے اکنامک آفیئرز ڈویژن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے، معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر عمر ایوب تقریب کے مہمان خصوصی تھے، ایگریمنٹ کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک آسان شرائط پر 580 ملین ڈالر کا قرضہ فراہم کرے گا، منصوبے کیلئے باقی ماندہ رقم صوبائی حکومت ادا کرے گی، ایشیائی ترقیاتی بینک یہ قرضہ 27سال کی مدت کے لئے فراہم کرے گا۔
بالا کوٹ ہائیڈرو پاورپراجیکٹ سے300میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی، یہ منصوبہ750 ملین ڈالر کی مجموعی لاگت سے چھ سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔
محمود خان نے کہا کہ عنقریب اس اہم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، توقع ہے وزیر اعظم عمران خان خود اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
اس منصوبے کی تعمیر کے دوران روزگار کے بارہ سو سے زائد مواقع پیدا ہوں گے، موجودہ حکومت صوبے میں پن بجلی کے مواقع سے بھر پور استفادہ کرنے کے لئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ منصوبے کی تکمیل سےحکومت کوسالانہ 14ارب روپے ملیں گے۔
عمر ایوب نے کہا کہ یہ منصوبہ ضلع مانسہرہ میں دریائے کنہار پر تعمیر کیا جائے گا، منصوبے کی تکمیل سے بجلی کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو جائے گا۔