بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

لیاری ایکسپریس وے پر شہری کو تھپڑ مارنے اور لوٹنے والے لٹیروں کو پولیس نے حکمت عملی سے قابو کر لیا (ویڈیو)

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: موٹر وے پولیس نے لیاری ایکسپریس وے پر شہری کو لوٹنےاور تھپڑ مارنے  والے 2 لٹیروں کو حکمت عملی سے قابو کر لیا، نوجوان نے لٹیروں کا 7 کلو میٹر سے زائد فاصلے تک پیچھا کیا اور انھیں پکڑوانے میں کامیاب رہا۔

تفصیلات کے مطابق موٹر وے پولیس نے لیاری ایکسپریس وے پر ایک کارروائی کے دوران 2 لٹیرے گرفتار کر لیے، لٹیروں سے موبائل فون اور 30 ہزار نقدی بھی برآمد کر لی گئی۔

ترجمان موٹر وے پولیس ساؤتھ زون نے اس سلسلے میں جاری بیان میں کہا کہ اہل کاروں نے لیاری ایکسپریس وے عیسیٰ نگری ٹول پلازہ پر ایک موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا تھا لیکن وہ نہ رکی، موٹر سائیکل پر دو افراد سوار تھے۔

پریس ریلیز کے مطابق کچھ ہی دیر میں ٹول پلازہ پر ایک اور موٹر سائیکل داخل ہوئی، جس پر سوار وجاہت نامی شہری نے اہل کاروں کو بتایا کہ ایک موٹر سائیکل سوار دو لٹیرے انھیں لوٹ کر ابھی بھاگے ہیں۔

نوجوان وجاہت، جو سہراب گوٹھ سے لٹیروں کا پیچھا کرتا آ رہا تھا اور کامیاب رہا

شہری نے شکایت کی کہ ان سے سہراب گوٹھ میں لٹیروں نے موبائل فون اور تین ہزار روپے چھینے تھے، اور وہ وہاں سے ان کا پیچھا کرتا ہوا ایکسپریس وے تک آیا، لٹیروں نے لوٹتے وقت تھپڑ بھی مارے۔

موٹر وے پولیس نے اس شکایت پر فوراً کارروائی شروع کر دی، اور اپنی حکمت عملی کے ذریعے لٹیروں کو ایکسپریس وے ہی پر آگے روک لیا گیا، مشتبہ افراد کی جامہ تلاشی لی گئی تو ان سے چھینا گیا موبائل فون اور تین ہزار روپے برآمد ہو گئے، لٹیروں کی موٹر سائیکل بھی قبضے میں لی گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹر وے پولیس اہل کاروں نے مذکورہ لٹیروں کو حراست میں لے لیا، جن کی شناخت رشید اور یونس کے ناموں سے ہوئی، جنھیں مزید قانونی کارروائی کے لیے عزیز بھٹی تھانے کے حوالے کر دیا گیا۔

دریں اثنا، اہل کاروں نے موبائل فون اور 3000 نقدی شکایت کنندہ وجاہت کے حوالے کی، جس پر انھوں نے اہل کاروں کا شکریہ ادا کیا۔ محکمے کے افسران بالا کی جانب سے انسپکٹر امجد رؤف اور سب انسپکٹر ظفر امیر کی بروقت کارروائی کو سراہا گیا، اور ان افسران کو تعریفی اسناد اور نقدی انعام سے نوازا گیا۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں