اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ،کویت کےدیرینہ تعلقات ہیں ، پاکستانی فیملیز اور تاجر اب کویت کاآن لائن انٹری ویزا حاصل کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کویت کی جانب سے پاکستانیوں کے لئےویزے کی بحالی پر ترجمان دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ،کویت کےدیرینہ تعلقات ہیں جومشترکہ عقائد ، اقدارپربنی ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات کئی شعبوں میں فروغ پا رہے ہیں۔
،ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ اسی جذبے کے تحت کویت نے فیملی اوربزنس ویزا بحال کیے ہیں، دوسرے خلیجی ممالک میں بسنے والے پاکستانی تاجر اب کویت کاآن لائن انٹری ویزابھی حاصل کرسکتے ہیں۔
یاد رہے وزیر داخلہ شیخ رشید کی کویتی وزیراعظم شیخ صباح خالدالحامدالصباح سے ملاقات ہوئی تھی ، جس میں 10سال بعد پاکستانی شہریوں کے لئے کویت کا ویزا بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ سامنے آیا ہے۔
فیصلوں کے مطابق میڈیکل اور آئیل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کراب کویت آسکیں گے۔
کویتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات 7دہائیوں پر محیط ہیں، پاکستان اور کویت کے عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے۔