ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

ارسا نے واٹر اکاؤنٹ تیار کر لیا، پنجاب اور سندھ کے حصے میں 6 ہزار کیوسک کا اضافہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: دریاؤں میں پانی کی آمد میں اضافے کے بعد ارسا نے پنجاب اور سندھ کے حصے میں 6 ہزار کیوسک کا اضافہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج پانی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ارسا کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بتایا گیا کہ دریاؤں میں پانی کی آمد 229100 کیوسک سے بڑھ کر 252600 کیوسک ہوگئی ہے، اور کمی 18 فی صد سے 13 فی صد رہ گئی۔

ترجمان ارسا کا کہنا ہے کہ پنجاب کا حصہ ایک لاکھ ایک ہزار کیوسک سے بڑھا کر ایک لاکھ 7 ہزار کیوسک کر دیا گیا ہے، جب کہ سندھ کا حصہ ایک لاکھ 9 ہزار کیوسک سے بڑھا کر ایک لاکھ 15 ہزار کیوسک کر دیاگیا ہے۔

ارسا کا یہ بھی کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق 7،10 دنوں تک بالائی علاقوں کا درجہ حرارت مستحکم رہےگا اور کچھ دن پانی کے بہاؤ میں اضافہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری طرف صوبوں کو فراہم پانی کے اعداد و شمار کے مطابق ارسا نے واٹر اکاؤنٹ تیار کر لیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ واٹر اکاؤنٹ یکم اپریل سے لے کر 31 مئی 2021 تک تیار کیا گیا ہے، یہ ہر 10 دن بعد صوبوں کے پانی کے استعمال کی بنیاد پر تیار کیا جاتا ہے۔

واٹر اکاؤنٹ کے مطابق پنجاب نے 7.76 ایم اے ایف پانی نہروں میں استعمال کیا، اس دورانیے میں پنجاب کا پانی کا حصہ 9.74 ایم اے ایف بنتا ہے، پنجاب کے دورانیے کی کمی20 فی صد رہی۔

واٹر اکاؤنٹ کے مطابق سندھ نے 4.31 ایم اے ایف پانی نہروں میں استعمال کیا، اس دورانیے میں سندھ کا پانی کا حصہ 5.40 ایم اے ایف بنتا ہے، سندھ کے دورانیے میں بھی کمی 20 فی صد رہی۔

واٹر اکاؤنٹ کے مطابق بلوچستان نے 0.14 ایم اے ایف پانی استعمال کیا، بلوچستان کا پانی کاحصہ 0.32 ایم اے ایف بنتا ہے، بلوچستان کے دورانیے کی کمی 55 فی صد رہی۔ خیبر پختون خوا نے 0.32 ایم اے ایف پانی استعمال کیا، جب کہ اس دورانیے میں کے پی کا پانی کا حصہ 0.32 ایم ایف بنتا ہے۔

واضح رہے کہ آج شہباز شریف نے پانی کی تقسیم پر اختلافات پر تشویش کا اظہار کیا ہے، انھوں نے کہا پانی کے مسئلے پر سندھ، پنجاب میں محاذ آرائی افسوس ناک ہے، پانی کی تقسیم حساس معاملہ ہے، غیر ذمہ داری خطرناک ہو سکتی ہے، وفاقی حکومت اور ارسا اس سلسلے میں فرائض ادا کرنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سندھ کے شہروں میں پانی کی کمی پر مظاہرے نیک فال نہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں