اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے تحت ملک بھر میں ماس ویکسینیشن مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے بڑی ویکسینیشن مہم چلانے کی تیاری کر لی، یہ ویکسینیشن مہم سرکاری و نجی اداروں کے اشتراک سے منعقد ہوگی، این سی او سی کا کہنا ہے کہ ماس ویکسینیشن ڈرائیو حکمت عملی پر عمل درآمد جاری ہے۔
این سی او سی کے مطابق ماس ویکسینیشن مہم کی کامیابی کے لیے ہر ایک کو کردار ادا کرنا ہوگا، میڈیا کے ذریعے لوگوں کو ویکسینیشن سے متعلق حوصلہ افزائی اور آگاہی دی جا رہی ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ رواں سال 7 کروڑ آبادی کی ویکسینیشن کا ہدف ہے، جس کے لیے ملک میں ویکسینیشن انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے، ویکسینیشن کی استعداد بڑھانے کے لیے صوبوں کو بھی آن بورڈ لیا گیا ہے۔
این سی او سی کے مطابق ماس ویکسینیشن اسٹریٹیجی کے تحت ویکسین کی بلا تعطل سپلائی یقینی بنائی جا رہی ہے، پاکستان میں مقامی سطح پر کرونا ویکسین کی تیاری کا بھی آغاز ہو چکا ہے، قومی ادارہ صحت میں پاک ویک کرونا ویکسین کی تیاری جاری ہے۔
اس سلسلے میں وفاق ویکسینیشن سے متعلق صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ صوبے معاشرے کے تمام طبقات کو ماس ویکسینیشن مہم کاحصہ بنائیں، اور نجی سیکٹر، تاجر برادری، علما، میڈیا کو ویکسی نیشن مہم میں شامل کریں۔