کراچی: پاکستان کے معروف گلوکار سنی بینجمن جان المعروف ایس بی جان کراچی میں ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق معروف صدارتی ایوارڈ یافتہ گلوکار و موسیقار ایس بی جان طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے، وہ 1934 میں کراچی میں ایک کرسچن گھرانے میں پیدا ہوئے تھے۔
سنی بینجمن جان کی عمر 87 سال تھی، وہ کئی روز سے علیل تھے، بیٹے نے بتایا کہ والد کی حالت انتہائی تشویش ناک تھی، 3 روز سے وینٹی لیٹر پر تھے، سنی بینجمن جان کے بیٹوں اور اسپتال انتظامیہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر آج دوپہر کو ان کے انتقال کی خبریں وائرل ہو گئی تھیں، تاہم بیٹے نے اس وقت اس کی تردید کر دی تھی، اور اسے کزن کی غلط فہمی قرار دیا تھا۔
ایس بی جان نے گلوکاری کا آغاز 20 مئی 1950 کو ریڈیو پاکستان کراچی سے کیا تھا، ان کو 2011 میں پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔
ایس بی جان کو ان کی منفرد انداز میں غزل گائیکی کی وجہ سے شہرت ملی، ان کا شمار پاکستان کے 1960 سے 1975 کے معروف گلوکاروں اور غزل گائیکوں میں ہوتا ہے، اگرچہ ان کے متعدد گانے مشہور ہوئے، تاہم ان کی مقبولیت کی وجہ ’تو جو نہیں ہے تو کچھ بھی نہیں ہے‘ گانا بنا۔