کراچی: چیئرمین این ڈی ایم اے نے گھوٹکی ٹرین حادثے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ترجیح بوگیوں میں پھنسے افراد کو جلد از جلد نکالنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گھوٹکی ٹرین حادثے سے متعلق چیئرمین این ڈی ایم اےلیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ پروگرام "باخبر سویرا” میں خصوصی گفتگو کی اور بتایا کہ ٹرین حادثہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، حادثے کی اطلاع ملنے پر پاک فوج کی دو خصوصی طبی ٹیمیں راولپنڈی سے روانہ ہوچکی ہیں
جبکہ جائے حادثے پر پاک فوج، رینجرز،1122ریسکیو سروسز بھی اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ حادثے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکالا، ہماری ترجیح ریسکیو آپریشن ہے کیونکہ اطلاعات ہیں کہ ابھی بھی کچھ بوگیوں میں مسافر پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں، بوگیوں میں پھنسے افراد کو نکالنا بھی ترجیح ہے، ساتھ ساتھ زخمی و جاں بحق افراد کا ڈیٹا بھی مرتب کیاجارہاہے۔
لیفٹیننٹ جنرل اخترستی نے بتایا کہ حادثے کی معلومات کیلئے گھوٹکی میں ہیلپ ڈیسک قائم کردیاگیا ہے، ٹریک کب تک کلیئر ہوگا اس بارے میں ریلوے حکام بہتر بتاسکتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ جلد ٹریک کو بحال کیاجائے۔
دوسری جانب محکمہ ریلوے سکھر ڈویژن نےانفارمیشن ڈیسک کا فون نمبر جاری کردیا ہے، ڈی سی او ریلوے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کے رشتہ دار0719310087 نمبر پررابطہ کریں۔