کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر اور دیگر اداکاراؤں نے اپنے بچپن کے نک نیمز کے بارے میں دلچسپ انکشافات کیے۔
تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکاراؤں عائشہ عمر، اریبہ حبیب، کومل عزیز اور نمرہ خان نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی۔
میزبان ندا یاسر نے ان سے پوچھا کہ انہیں بچپن میں کس نام سے پکارا جاتا تھا، عائشہ نے بتایا کہ ان سہیلیاں انہیں جیک ان دا باکس والے کھلونے جیکس کے نام سے پکارتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہر وقت نہایت پرجوش اور سرگرم رہتی تھیں اسی وجہ سے ان کی دوستوں نے ان کا یہ نام رکھ چھوڑا تھا۔
کومل عزیز نے بتایا کہ ان کا کوئی نک نیم نہیں تھا اور ان کی حسرت ہی رہی کہ کوئی ان کا نک نیم رکھے جبکہ اریبہ کے مطابق انہیں لمبو کہہ کر پکارا جاتا تھا۔
نمرہ نے بتایا کہ ان کا نک نیم علی بھائی ہے، بہت سال قبل جب وہ اپنی فیملی کے ساتھ قربانی کا جانور خریدنے منڈی پہنچیں تو ان کے گھر کے کسی شخص نے انہیں نمرہ پکارا۔
نمرہ کے مطابق وہ اس پر بہت غصہ ہوئیں کہ انہیں سب کے سامنے نمرہ کیوں پکارا گیا ہے، جس کے بعد گھر والوں نے انہیں علی اور علی بھائی کہنا شروع کیا اور پھر یہی ان کا مستقل نک نیم بن گیا۔