اسلام آباد : ترجمان انرجی ڈویژن کا کہنا ہے کہ بڑے آبی ذخائر سے پانی خراج کم ہونے کی وجہ سے بجلی کی پیداوارمیں کمی ہوئی ، بجلی صارفین سے بجلی استعمال میں اعتدال کی گزارش ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان انرجی ڈویژن نے ملک میں بجلی کے شارٹ فال سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ بڑےآبی ذخائر سے پانی کا اخراج کم ہوا ہے، پانی کا اخراج کم ہونے کی وجہ سے بجلی کی پیداوارمیں کمی ہوئی ، تربیلا ،منگلاسے 3300میگاواٹ کم بجلی پیداہورہی ہیں۔
انرجی ڈویژن کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پانی کا اخراج آبی ذخائر سے بڑھ جائے گا ، پانی کا اخراج بڑھنے سے بجلی کی پیداوار بھی بہتر ہوجائےگی، عارضی طورپرلوڈمینجمنٹ سسٹم کی حفاظت کیلئے کی جارہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اس وقت بجلی کی ڈیمانڈ24100میگاواٹ ہے اور سسٹم میں موجودبجلی کی پیداوار22600میگاواٹ ہے ، مجموعی شارٹ فال1500میگاواٹ ہے ، بجلی صارفین سےبجلی استعمال میں اعتدال کی گزارش ہے۔
دوسری جانب بیراج کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ تربیلاپرپانی کی آمدایک لاکھ 60ہزار300کیوسک اور پانی کااخراج ایک لاکھ کیوسک ریکارڈ کیا گیا جبکہ چشمہ پر پانی کی آمد ایک لاکھ 60ہزار770کیوسک اور پانی کااخراج ایک لاکھ 58 ہزارکیوسک ہے۔
بیراج کنٹرول روم کے مطابق تونسہ بیراج پرپانی کی آمد ایک لاکھ 32 ہزار675کیوسک ، گڈوبیراج پر پانی کی آمد 84 ہزار 764کیوسک جبکہ گڈوبیراج پر پانی کا اخراج 70ہزار 439 کیوسک ریکارڈ کیا ہے۔