ابوظبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ غلطی کی گنجائش نہیں ہے، ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق ابوظبی سے ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران سرفراز احمد نے کہا کہ ابوظبی میں اوس (ڈیو فیکٹر) کی وجہ سے ٹاس کا کردار بہت اہم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 6 میں خاص طور پر رات میں ہونے والے میچز میں ڈیو فیکٹر بڑا اہمیت کا حامل ہوگا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ باقی پانچ میچز جیتنے کے لیے کافی محنت کرنا ہوگی، ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلنا ہوگا۔
اعظم خان کو پاکستانی ٹیم میں شمولیت پر مبارکباد یتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ اعظم پر اب زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ہر میچ میں اچھی کارکردگی دکھائے، اس نے بہت محنت کرکے یہ مقام پایا ہے، مجھے یقین ہے کہ اعظم سب کے دل جیتنے میں کامیاب ہوگا۔
واضح رہے کہ سرفراز احمد کی ٹیم پی ایس ایل 6 میں اب تک 5 میچز کھیل چکی ہے، 4 میچوں میں شکست اور 1 فتح کے ساتھ وہ آخری پوزیشن پر براجمان ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل 6 کے دوبارہ آغاز کے بعد کل (جمعہ) کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور ہفتے کو پشاور زلمی سے مقابلے کےلیے میدان میں اترے گی۔