اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

ریاست مخالف بیان پر ضمانت کے بعد لیگی رہنما پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج

اشتہار

حیرت انگیز

شیخوپورہ: ریاست مخالف بیان بازی پر مقدمے کا سامنا کرنے والے لیگی رہنما جاوید لطیف کے خلاف اب کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیگی ایم این اے میاں جاوید لطیف کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر دیا گیا، یہ مقدمہ تھانہ صدر میں درج ہوا ہے، مقدمہ سرکاری اہل کار کی مدعیت میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز جاوید لطیف نے ریلی نکالی تھی، اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کی، مقدمے میں جاوید لطیف کے علاوہ ان کے 2 بھائی، ایک بیٹے سمیت 8 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جب کہ 220 نا معلوم افراد بھی نامزدگان میں شامل ہیں۔

- Advertisement -

یاد رہے کہ گزشتہ روز ریاست مخالفت بیان بازی کے کیس میں عدالتی حکم پر رہائی کے بعد جاوید لطیف کو انٹر چینج سے ریلی کی صورت میں گھر لایا گیا تھا، جاوید لطیف نے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے لیگی کارکنان سے خطاب بھی کیا تھا۔

ریاست مخالف بیان بازی کیس، ن لیگی رہنما کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

9 جون کو لاہور کی سیشن عدالت نے ریاست مخالف بیان بازی کیس میں لیگی رہنما کی ضمانت منظور کی تھی اور 2، 2 لاکھ روپے کے 2 مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا تھا، مچلکوں کی ادائی کے بعد گزشتہ روز رہا کر دیا گیا تھا۔

بدھ کو ایڈیشنل سیشن جج نے جاوید لطیف کی ضمانت کا 4 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ایف آئی آر میں بغاوت سے متعلق کوئی واضح الزام نہیں، کس ادارے کے خلاف بیان دیا گیا، اس کا بھی تفتیشی رپورٹ میں کوئی ذکر نہیں، مدعی نے ایک اندیشے کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرائی ہے، جاوید لطیف کے خلاف بغاوت پر مبنی مواد بھی ریکارڈ پر موجود نہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں