نیو یارک : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے متحدہ عرب امارات کو سلامتی کونسل کو دو سال کے لیے غیر مستقل ممبر کے طور پر منتخب کیا ہے۔
یو اے ای ذرائع ابلاغ کے مطابق سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بننے کے لیے جنرل اسمبلی کے دو تہائی ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ امارات کو اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے 179 ووٹ ملے ہیں۔ البانیہ نے 175، برازیل نے 181، گھانا نے 185 جبکہ گبون نے 183 ووٹ حاصل کیے۔
یاد رہے کہ امارات اپنی تاریخ میں دوسری بار ایشیا اور بحر الکاہل کی طرف سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل ممبر منتخب ہوا ہے۔
البانیہ، برازیل اور گبون بھی دو سال کے لیے سلامتی کونسل کے غیر مستقل نشست پر منتخب ہوئے ہیں۔
اماراتی دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ امارات سلامتی کونسل کی رکنیت کے دوران امن و سلامتی کو یقینی بنانےِ، جدت طرازی اور سب کو لے کر چلنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔
امارات کےنائب صدر شیخ محمد بن زاید نے کہا ہے کہ امارات عالمی سطح پر ترقی، تعاون اور امن کی جڑیں مضبوط کرنے کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سلامتی کونسل کی رکنیت کے لیے ان کے ملک کا انتخاب ظاہر کرتا ہے کہ عالمی برادری کو امارات کی خارجہ پالیسی پر اعتماد ہے۔