کراچی: ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، وزیراطلاعات ناصرشاہ سمیت دیگر صوبائی وزرا نے فوا د چوہدری کی نیوز کانفرنس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کو لوٹائے اعظم کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، جناب نے ملک کی کوئی پارٹی نہیں چھوڑی جس کی ترجمانی نہ کی ہو، فواد چوہدری حب الوطنی کا درس کسی اور کو دیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو ملک اور عوام کی حالت کی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، آپکی نااہل حکومت نےحقیقت میں عوام کی چیخیں نکال دی ہیں،محب وطن پیپلزپارٹی نےجمہوریت کیلئےقیادت کی قربانیاں دیں، آصف زرداری ،بلاول کیخلاف بات کرکے نوکری پکی نہیں ہونی، سلیکٹڈ حکومت کی منافقانہ ،غیر منصفانہ پالیسیاں عوام جانتے ہیں، عوام جان چکے کہ آپکی نااہل حکومت جھوٹ ،یوٹرن کےسہارے کھڑی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ کا پانی کسی اور نہیں وفاق اور پنجاب نے روکاہے، سندھ کے علاقوں کی زمینیں آپ نے بنجر کیں، لاکھوں ایکڑ پرفصلیں نااہل حکومت کی پالیسیوں کی بھینٹ چڑھ گئیں، نفرت کی سیاست کرکےیہ ملکی عوام کو تقسیم کررہے ہیں۔
وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ نے بھی فواد چوہدری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ فواد چوہدری پنجاب کے وزیراعلیٰ کےخلاف سازشیں کرتےہیں اور خود وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں۔
سیدناصرشاہ نے الزام عائد کیا کہ پانی کی نگرانی اورمنصفانہ تقسیم کرناارسا کاکام ہے جبکہ وفاقی حکومت نے ارسا کو یرغمال بنا رکھا ہے، سندھ کی زمینیں بنجر کرنے کے لئے پنجاب نے چشمہ جہلم کینال کھولا اور سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالا۔
وزیراطلاعات ناصرشاہ نے وفاقی حکومت کو مشورہ دیا کہ وفاقی حکومت ارسا کو کام کرنےدے، ارسا کےمعاملات میں ٹانگ اڑانابندکرے، فواد چوہدری سندھ کی نگرانی کےخواب دیکھنا بند کریں۔
ناصرشاہ نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت براہ راست ایم پی ایزکے ذریعے کرپشن کررہی ہے، جو فنڈز اپنے سندھ کےایم پی ایزکو دیئے، ان کا حساب دیں، اس کرپشن کاحساب وفاقی حکومت کودیناہوگا۔
واضح رہے کہ آج کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ گورنر راج حل نہیں، سندھ میں اس وقت آرٹیکل 140 اے لاگو کرنےکی ضرورت ہے۔