دبئی: اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر حسن علی نے اہل خانہ سے مشاورت کے بعد پی ایس ایل کے بقیہ میچز کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دو روز قبل فاسٹ بولر حسن علی نے پی ایس ایل کا بائیو سیکیور ببل چھوڑ کر وطن واپسی کا فیصلہ کیا تھا،اس حوالے سے حسن علی کا کہنا تھا کہ اہم وجوہات کی بنا پر میں پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز سے دستبردار ہورہا ہوں، فیملی مسائل کے باعث وہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی نہیں کرسکوں گا کیونکہ کچھ چیزیں کرکٹ سے بڑھ کر اور فیملی سب سے بڑھ کر ہوتی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آج ایک پریس ریلیز جاری کی گئی ہے جس میں شائقین کرکٹ کو خوشخبری سنائی گئی کہ حسن علی ٹیم کی جانب سے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کھیلیں گے۔
پریس ریلیز کے مطابق حسن علی نے بتایا کہ ان کا خاندان ایک نجی مسئلے سے دوچار تھا، جسے میری بیوی نے اپنی ذہانت کے بل بوتے پر حل کرلیا ہے، میری بیوی نے مجھے یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گی، وہ چاہتی ہیں کہ میں اپنی کرکٹ اور کیریئر پر توجہ دوں ۔
حسن علی کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں میرا بھرپور ساتھ دینے پر اپنی بیوی کو سیلیوٹ کرتا ہوں، اس کی مشاورت کے بعد میں نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ہمارے لئے خوش قسمتی ہے کہ باقی ٹورنامنٹ میں حسن ہمارے لئے دستیاب ہوں گے،لیکن اس سے بھی اہم بات یہ ہیں کہ جو بھی معاملات تھے وہ حل ہوگئے ہیں، ہم حسن علی کی زندگی کے ہر پہلو کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
🚨 Update 🚨
After consultation with his family, @RealHa55an has opted to stay on with Islamabad United for the remainder of PSL 6.
Through thick and thin: #UnitedWeWin
Details here: https://t.co/RHEjayTi23#HBLPSL6 #RedHotSquad🦁 pic.twitter.com/momWclh8OP
— Islamabad United (@IsbUnited) June 14, 2021
واضح رہے کہ حسن علی نے گزشتہ میچ میں گلیڈی ایٹرز کے خلاف عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
یاد رہے کہ فاسٹ بولر حسن علی کے ہاں گزشتہ دنوں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی اس دوران وہ ٹیم کے ہمراہ جنوبی افریقہ میں موجود تھے۔