ماسکو: روس میں رہائشی عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی اس دوران عمارت میں پھنسے بچوں کو بچانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کے شہر کوسٹرووما میں عمارت میں آگ لگی تو قریبی رہائشی افراد بچوں کو بچانے کے لیے انسانی زنجیر بناتے ہوئے عمارت پر چڑھ گئے اور ڈرامائی انداز میں بچوں کو باحفاظت نیچے اتار لیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین افراد بچوں کو بچانے کے لیے پائپ پر چڑھے، ایک شخص نے ایک ہاتھ سے پائپ کو پکڑتے ہوئے بچے کو تھاما اور ایک میٹر دور کھڑے دوسرے شخص کو دیا پھر اس نے بچے کو نیچے کھڑے شخص کو دیا، تیسرے شخص نے بچے کو باحفاظت خاتون کے سپرد کیا۔
تینوں افراد نے عمارت میں پھنسے دوسرے بچے کو بالکل اسی طرح سے ریسکیو کیا۔
مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور اسے اب تک 60 ہزار سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں اور صارفین کی طرف سے ان کے اقدام کو بھی سراہا جارہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ لڑکے ہیرو ہیں بچوں کو بچانے کے لیے انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال دی۔
ایک اور صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پائپ کس طرح اتنا مضبوط ہوسکتا ہے یہ آسانی سے ٹوٹ سکتا تھا اور تینوں افراد کی موت ہوسکتی تھی۔‘