ابوظبی: گذشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے میچ کے دوران شاہین آفریدی اور سرفراز احمد کے درمیان ہونے والی گرما گرمی کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔
اس معاملے پر سابق ٹیسٹ کرکٹر تنویر احمد نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ پروگرام "باخبر سویرا” میں گفتگو کی اور کہا کہ کلپ میں ایسی کوئی بات نہیں تھی، سوشل میڈیا پر اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے۔
تنویر احمد نے کہا کہ میں بھی فاسٹ بولر رہا ہوں ، میرے خیال میں جب کوئی جونئیر اپنے سینئر کو باؤنسر مارتا ہے تو وہ فخر محسوس کرتا ہے، شاہین آفریدی نے بھی ایسا ہی کیا، ہوسکتا ہے کہ شاہین نے آنکھوں کے اشارے سے سرفراز کو کچھ کہا جواب میں سرفراز نے کہا کہ ٹھنڈے ہوجاؤ۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ سرفراز اور شاہین کے درمیان نوک جھونک صرف سوشل میڈیا پر اپنی دکانیں چمکانے سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی اننگز میں کپتان سرفراز احمد اور شاہین آفریدی آپس میں الجھ پڑے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: شاہین آفریدی اور سرفراز احمد کے درمیان گرما گرمی، ویڈیو وائرل
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہین آفریدی نے پہلے سرفراز احمد کو باؤنسر مارا پھر دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے پر جملے بھی کسے،دونوں کھلاڑیوں کے درمیان معاملے کو ٹھنڈا کرنے کے لیے محمد حفیظ کو بیچ بچاؤ کروانا پڑا۔
ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر آنے کے بعد شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے، کچھ صارفین سرفراز احمد کی حمایت میں سامنےآئے تو کچھ نے شاہین شاہ آفریدی جارحانہ مزاج کی حمایت کی۔