کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر میں غربت اور بے روزگاری میں اضافہ کردیا ہے، وہیں پہلے سے غریب ممالک کے شہریوں کو بھی سخت معاشی بحران سے دو چار کردیا ہے، بھارت میں ایسا ہی ایک خاندان بے روزگار ہونے کی وجہ سے کئی روز تک بھوکا رہا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق علیگڑھ میں ایک بیوہ خاتون اور ان کے بچے کرونا وبا کے بحران سے بے حد متاثر ہوئے، وبا نے اس خاندان کا روزگار چھین لیا اور 8 سے 10 دن تک 6 افراد دانے دانے کو محتاج ہو گئے۔
بھوک سے تڑپتے خاندان کی اطلاع ایک شخص نے ایک تنظیم کو دی تو ان سب کو اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے، بھوک سے یہ خاندان اس قدر نڈھال تھا کہ کئی کا جسم ہڈیوں کے ڈھانچے میں تبدیل ہو چکا تھا۔
تنظیم سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ جب وہ مذکورہ خاندان کے گھر پہنچے تو وہ شدید دکھ میں مبتلا ہوگئے جہاں بچے بھوک سے بلک رہے تھے۔
تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر سنیل کا کہنا ہے کہ بچوں کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کروایا گیا، تنظیم کی جانب سے خاندان کے لیے کپڑے اور کھانے وغیرہ کا انتظام کیا گیا ہے۔
بچوں کی بیوہ ماں نے بتایا کہ گھر کی واحد کفیل وہی تھیں اور ایک ایکسپورٹ کمپنی میں ملازمت کرتی تھیں، کرونا کی پہلی لہر میں لگے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کا کام وہاں رک گیا جس کی وجہ سے کنبہ مالی بحران سے دو چار ہونے لگا۔
ان کے مطابق بڑا بیٹا مزدوری کر کے گھر والوں کا پیٹ پال رہا تھا لیکن دوسرے لاک ڈاؤن میں اس کی ملازمت بھی چلی گئی، روزگار نہ ہونے کی وجہ سے راشن کی قلت تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پانچوں بچوں نے 15 دن سے کچھ نہیں کھایا۔