جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

نیٹ فلکس سمیت آن لائن اسٹریمنگ سروسز کے لیے سخت ضابطہ اخلاق

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: برطانیہ نے نیٹ فلکس سمیت آن لائن اسٹریمنگ سروسز کو سخت ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت نے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کو سخت ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کی غرض سے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے بدھ کو پیش کی گئی تجاویز کے تحت نیٹ فلکس، ڈزنی پلس اور ایمازون پرائم ویڈیوز پر بھی وہی قواعد و ضوابط لاگو ہوں گے، جن کے تحت بی بی سی، آئی ٹی وی اور اسکائی سمیت دیگر روایتی نشریاتی ادارے کام کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں نیٹ فلکس اور ایپل ٹی وی کو کسی بھی ضابطے کے تحت ریگولیٹ نہیں کیا گیا ہے، اور بی بی سی کی آئی پلیئر سروس کے علاوہ تمام آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کو سخت قوانین کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

برطانوی سیکریٹری برائے ثقافت آلیور ڈاؤڈن کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی نے براڈکاسٹنگ کو تبدیل کر دیا ہے لیکن وقت آ گیا ہے کہ پبلک سروس براڈکاسٹرز کی صلاحیت کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے غور کیا جائے، صارفین کی حفاظت کو یقینی بنانے اور روایتی چینلز کو مقابلہ کرنے میں مدد فراہم کی جائے۔

برطانیہ میں نگران ادارے ’آفس آف کمیونیکیشنز‘ کی جانب سے طے کیے گئے نشریاتی قوانین پر عمل درآمد کرنا ٹی وی چینلز کے لیے لازمی ہے، آفس آف کمیونیکیشنز نے نقصان دہ مواد اور نیوز پروگرامز میں غیر جانب داری کے حوالے سے قوانین وضع کیے ہوئے ہیں۔

برطانیہ میں میڈیا کے حوالے سے کی جانے والی اصلاحات کا مقصد پبلک سروس براڈکاسٹرز کی آن لائن موجودگی کو مزید نمایاں کرنا بھی ہے، تاکہ اسمارٹ ٹی وی اور دیگر ڈیوائسز پر ان کے پروگرامز تک رسائی کو آسان بنایا جا سکے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں