ابوظبی: پی ایس ایل سیزن سکس کے فائنل سے قبل پشاور زلمی کے دو کھلاڑی سنگین غلطی کر بیٹھے، جس کے باعث دونوں کھلاڑیوں کو معطل کردیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پشاور زلمی کے حیدر علی اور عمید آصف کی جانب سے بائیو سیکور ببل کی خلاف ورزی کی گئی، دونوں کھلاڑیوں نے بائیو سیکورببل سے باہر ملاقات کی جوکہ لیگ کے مقرر کردہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں کھلاڑیوں نے بائیو سیکورببل کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا جس پر حیدر علی اور عمید آصف کو معطل کردیا گیا ہے، معطلی کے بعد دونوں کھلاڑی آج پی ایس ایل کے فائنل میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ واقعے کے بعد دونوں کرکٹرز اپنے اسکواڈ میں شامل کسی دوسرے رکن سے نہیں ملے اب یہ دونوں کرکٹرز روم آئسولیشن میں جاچکے ہیں۔
Haider, Umaid suspended from HBL PSL 6 final for bio-secure breach
Read more: https://t.co/puxZE7fHTE#HBLPSL6 | #MatchDikhao
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) June 24, 2021
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کے مرتکب مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے انہیں دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے ڈراپ کردیا ہے ان کی جگہ قومی اسکواڈ میں صہیب مقصود کو شامل کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن سکس میں بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کا یہ دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل کراچی میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے مرحلے میں بھی پشاور زلمی کے کوچ ڈیرن سیمی اور کپتان وہاب ریاض نے بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کی تھی۔