ابوظبی: پی ایس ایل 6 کے فائنل میں شکست کھانے والے پشاور زلمی کے کپتان نے ہار کی وجہ بتادی۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے ابوظبی میں پی ایس ایل کا رنگا رنگ میلا اپنے اختتام کو پہنچا، جہاں ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کے فائنل میں پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر پہلی بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کے بعد پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ ہمارے لئے چوتھی بار فائنل کھیلنا ہی ایک اعزاز ہے، ملتان کی ٹیم ہم سے اچھا کھیلی اس لئے وہ چیمپئن بنی۔
زلمی کے کپتان نے اعتراف کیا کہ بولرز نے پہلےمیچ سے اختتامی اوورز میں رنز لیک کئے، غلطی پر قابو نہ پاسکےجس کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: ملتان سلطانزنے پہلی بار پاکستان سپرلیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وبا کی تیسری لہر کے باعث پی ایس ایل 6 کو منسوخ کرنا پڑا تھا، تاہم کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل فرنچائزر نے مقبول ترین لیگ کی ساکھ کو بچانے کے لئے قائدانہ فیصلے کئے جس کے باعث رواں ماہ جون میں ابوظبی میں ایونٹ کے بقیہ میچز کا انعقاد ممکن ہوسکا۔
پی ایس ایل سیزن سکس میں کل 34 میچز رکھے گئے تھے، جن میں سے 14 کراچی میں جبکہ بقیہ میچز ابو ظبی میں کھیلے گئے، ابوظبی میں ہونے والے تمام میچز شائقین کے بغیر کھیلے گئے تاہم پی ایس ایل کی رنگینیاں ماند نہ پڑسکی ، شائقین کرکٹ نے گھروں میں رہ کر میچز کو خوب انجوائے کیا جبکہ تگڑے مقابلوں نے اس ایونٹ کا جوش وجذبہ برقرار رکھا۔