لکھنؤ کے دبستانِ شاعری میں صفی لکھنوی کا نام ان کے کلام کی شیرینی، تنوع، لطافت، شگفتگی اور سادگی کے سبب نمایاں ہے اور ان کی شاعری لکھنؤ کی ادبی فضا اور ماحول کی عکاس ہے جو انھیں ہم عصر شعرا میں ممتاز کرتی ہے۔ صفی لکھنوی 24 جون 1950ء کو وفات پا گئے تھے۔
صفی لکھنوی جن کا اصل نام سید علی نقی زیدی تھا۔ وہ 3 جنوری 1862ء کو لکھنؤ میں پیدا ہوئے تھے۔ زمانے کے دستور کے مطابق فارسی اور عربی سیکھی اور انگریزی تعلیم حاصل کرنے کے لیے کالج میں داخل ہوئے۔ امتحان پاس کرنے کے بعد 1879ء میں تدریس سے وابستہ ہوگئے اور انگریزی پڑھانے پر مامور ہوئے۔ بعد ازاں محکمہ دیوانی میں ملازم ہوگئے اور اسی ادارے سے ریٹائر ہوئے۔
صفی نے 13 سال کی عمر میں شعر کہنا شروع کردیا تھا۔ انھوں نے مختلف اصنافِ سخن میں طبع آزمائی کی اور لکھنؤ کی بزمِ ادب کو اپنے فن سے رونق بخشی۔ صفی نے لکھنؤ کے عام شعری مزاج سے ہٹ کر شاعری کی، جس نے انھیں منفرد اور نمایاں شناخت دی۔ مولانا حسرت موہانی انھیں ’مصلحِ طرزِ لکھنؤ‘ کہا کرتے تھے۔
صفی نے غزل کی عام روایت سے ہٹ کر نظم کو اپنی قوّتِ متخیّلہ سے سجایا اور قومی نظمیں بھی کہیں جو خاص طور سے ان کے عہد کے سماجی، سیاسی اور تہذیبی مسائل کی عکاس ہیں۔ اس کے علاوہ قصیدہ، رباعی اور مثنوی جیسی اصناف میں بھی طبع آزمائی کی۔
صفی لکھنوی کو شاعری کے کلاسیکی دور کا آخری اہم اور مقبول شاعر بھی مانا جاتا ہے۔ انھوں نے شعر و ادب کا بڑا وقیع سرمایہ یادگار چھوڑا ہے۔
صفی لکھنوی کی ایک غزل ملاحظہ کیجیے۔
جانا، جانا جلدی کیا ہے؟ ان باتوں کو جانے دو
ٹھہرو، ٹھہرو دل تو ٹھہرے، مجھ کو ہوش میں آنے دو
پانو نکالو خلوت سے آئے جو قیامت آنے دو
سیارے سر آپس میں ٹکرائیں اگر ٹکرانے دو
بادل گرجا، بجلی چمکی، روئی شبنم، پھول ہنسے
مرغِ سحر کو ہجر کی شب کے افسانے دہرانے دو
ہاتھ میں ہے آئینہ و شانہ پھر بھی شکن پیشانی پر
موجِ صبا سے تم نہ بگڑو زلفوں کو بل کھانے دو
کثرت سے جب نام و نشاں ہے کیا ہوں گے گم نام صفیؔ
نقش دلوں پر نام ہے اپنا نقشِ لحد مٹ جانے دو