ٹوکیو: جاپانی محققین نے کروناوائرس کی موڈرنا ویکسین کے ضمنی مضر اثرات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی تحقیق کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جاپان کی وزارت صحت کی جانب سے ایک ریسرچ ٹیم نے موڈرنا ویکسین کے ممکنہ ضمنی اثرات کو جانچنے کے لیے ایک تحقیقی مطالعہ کیا، اس سلسلے میں سیلف ڈیفنس فورسز کے تقریباً 1400 اہل کاروں کو پہلا ٹیکا لگائے جانے کے بعد ان کی نگرانی کی گئی۔
محققین کی ٹیم کو ویکسین کے ٹیکے لگائے جانے کے بعد جن مضر ضمنی اثرات کا مشاہدہ ہوا، انھیں ٹیم نے مندرجہ ذیل صورت میں مرتب کیا۔
جوڑوں کے درد کی شکایت: ٹیم کو پتا چلا کہ جوڑوں کا درد عمومی طور پر سب سے زیادہ دیکھنے میں آیا ہے، 63 فی صد نے یہ تکلیف ٹیکا لگوانے والے دن ہی محسوس کی، جب کہ 86 فی صد نے اگلے روز اس کی شکایت کی اور 68 فی صد کو 2 روز بعد یہ شکایت ہوئی۔
تھکاوٹ کی شکایت: 13 فی صد نے پہلے ہی روز تھکاوٹ کی اطلاع دی، جب کہ 22 فی صد نے دوسرے اور 16 فی صد نے تیسرے روز اس کی شکایت کی۔
بخار کی شکایت: ٹیکا لگوانے والوں کے ایک فی صد کو پہلے روز 37.5 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زائد کا بخار آیا، 4 فی صد نے دوسرے روز بخار کی اطلاع دی، اور 2 فی صد نے تیسرے روز اس کی شکایت کی۔
امریکی ادارے کی جانب سے فائزر اور موڈرنا ویکسینز سے متعلق وارننگ
محققین نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ مضر ضمنی اثرات کی سب سے زیادہ شکایت ٹیکا لگوانے کے دوسرے روز دیکھنے میں آئی، اور تین دن کے بعد مضر اثرات کے ماند پڑ جانے کا رجحان دیکھا گیا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نوجوان لوگ، خصوصاً 20 کے پیٹے کے افراد میں تھکن اور بخار کی علامات پیدا ہونے کا زیادہ امکان ہے۔