کراچی: شہر قائد کے گجر اور اورنگی ٹاؤن نالے کے اطراف لوگوں کو بے گھر کیے جانے پر اقوام متحدہ نے بھی تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے نالوں کے اطراف برسوں سے آباد لوگوں کے بے گھر ہونے کی گونج اقوام متحدہ تک بھی پہنچ گئی ہے، یو این سے وابستہ انسانی حقوق کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ایک لاکھ لوگ بے گھر ہو سکتے ہیں اور غربت میں اضافہ ہوگا۔
اقوام متحدہ نے مطالبہ کر دیا ہے کہ کراچی کے برساتی نالوں کوچوڑا کرنے کے لیے لوگوں کی بے دخلی کو فوراً روکا جائے۔
یو این ماہرین نے کہا کہ کراچی میں گجر نالے اور اورنگی نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن فوری روکا جائے، نالوں کو چوڑا کرنے کے لیے لوگوں کے مکانات توڑے جا رہے ہیں، اس سے ایک لاکھ افراد بے گھر ہو سکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ نالوں کے اطراف بستیوں کو مسمار کرنے سے پہلے متاثرین سے نہ تو مشاورت کی گئی، نہ ہی انھیں متبادل دیاگیا، اور نہ معاوضہ۔
اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے کہا کہ شہریوں کو اتنے بڑے پیمانے پر بے دخل کرنے کی قانونی وجہ بھی غیر واضح ہے، لوگوں کو بے گھر کرنے سے غربت میں مزید اضافہ ہوگا، نالوں کی صفائی سے اب تک 66 ہزار 500 افراد متاثر ہو چکےہیں۔
اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، جس میں اینٹی انکروچمنٹ ٹربیونل میں اسٹے آرڈر کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔