دبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے انعقاد سے متعلق چھائے بے یقینی کے بادل چھٹ گئے، آئی سی سی نے بڑا اعلان کردیا ہے۔
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغٖام میں کہا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد متحدہ عرب امارات اور اومان میں ہوگا۔
مختصر فارمیٹ کا ورلڈکپ سترہ اکتوبر سے چودہ نومبر تک کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد بھارت میں ہونا تھا مگر کووڈ کی دوسری لہر کے باعث اسے تبدیل کرنا پڑا، بی سی سی آئی ایونٹ کے میزبان رہے گا۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم، ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم، شارجہ اسٹیڈیم اور عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔
🚨 ANNOUNCEMENT 🚨
Details 👉 https://t.co/FzfXTKb94M pic.twitter.com/8xEzsmhWWN
— ICC (@ICC) June 29, 2021
بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کی میزبانی نہ کرنے پر افسوس ہے،آئی سی سی کے قائم مقام سی ای او جیوف لارڈائس کا کہنا ہے کہ ہماری اولین ترجیح ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو مکمل طور پر محفوظ کرنا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق راؤنڈ ون میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں بنگلہ دیش، آئرلینڈ، سری لنکا، نیدر لینڈز، اسکاٹ لینڈ، نمیبیا، عمان اور پاپوا نیوگنی شامل ہیں۔
ان ٹیموں کے درمیان 12 میچز کھیلے جائیں گے، ان 8 میں سے ٹاپ 4 ٹیمیں سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں پہلے سے ٹی 20 رینکنگ کی ٹاپ 8 ٹیمیں موجود ہوں گی اور یہاں سے ٹورنامنٹ کا اہم مرحلہ شروع ہوجائے گا۔
سپر 12 ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 30 میچز کھیلے جائیں گے، سپر 12 میں 12 ٹیموں کو چھ، چھ کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، گروپ میچز کے بعد تین پلے آف میچز، دو سیمی فائنلز اور پھر فائنل میچ کھیلا جائے گا۔