کیپ ٹاؤن : عدالتی کمیشن کے سامنے پیش ہونے سے انکار پر جنوبی افریقہ کے سابق صدر کو توہین عدالت کے الزام میں 15 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کے سابق صدر جیکب زوما کو ملک کی عدالت میں پیش نہ ہونا مہنگا پڑگیا، پانچ ارب ڈالر کی بدعنوانی اور دھوکہ دہی کے 16 مقدمات میں تحقیقات کا سامنا کرنے والے جیکب زوما کو عدالتی کمیشن کے سامنے پیش ہونا تھا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔
عدالتی کمیشن میں حاضری سے انکار پر ملک کی عدالت عالیہ نے سابق صدر پر توہین عدالت کا مقدمہ دائر کیا اور نافرمانی کو سرکشی قرار دیا۔
سپریم کورٹ کے جج کا کہنا تھا کہ اس طرح کی نافرمانی پر عدالت کے پاس جیک زوما کو سوائے سزا دینے کے کوئی اور چارہ نہیں بچا تھا۔
سابق صدر کو توہین عدالت پر سزا دینے سے قانون کی حکمرانی اور انصاف کا واضح پیغام جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے پولیس کمشنر کو جنوبی افریقہ کے سابق صدر جیکب زوما کو تین دن کے اندر گرفتار کرنے کا حکم بھی جاری کردیا ہے۔
خیال رہے کہ جیکب زوما جنوبی افریقہ پہلے سابق صدر ہیں جنہیں جیل کی سزا سنائی گئی ہے، ان سے قبل کسی بھی سابق صدر کو قید کی سزا نہیں ہوئی۔